Advertisements
بھارتی فوج محاصروں اور تلاشی کے دوران بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر رہی ہے 109

بھارتی فوج محاصروں اور تلاشی کے دوران بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر رہی ہے

بھارتی فوج محاصروں اور تلاشی کارروائیوں کے دوران بیگناہ نوجوانوں کو شہید کررہی ہے: امتیاز وانی

بے گناہ کشمیریوں کے قتل اور جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے ان کا جذبہ آزادی دبا یا نہیں جاسکتا

اسلام آباد 17مارچ (جے کے نیوز ٹاکس)

 جموں  کشمیر ایمپلائز موومنٹ کے وائس چیئرمین امتیاز وانی نے کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں جاری ظالمانہ کارروائیاں تیز کردی ہیں اور وہ محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بیگناہ نوجوانوں کو شہید کر رہے ہیں۔

تفصیلات  کے مطابق امتیاز وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے گزشتہ 7 ماہ سے زائد عرصے سے 80 لاکھ کشمیریوں کو محصورکر رکھا ہے جس کی وجہ سے انہیں شدیدمشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز ضلع اسلام آباد میں شہید ہونے والے چار نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق وادی کے ضلع کولگام سے تھا اوران کے جنازوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ جنازوں میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین ، بچے اور بزرگ شرکت کررہے ہیں اور فضا اسلام و آزادی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعروں سے گونج رہی ہے ۔ امتیاز وانی نے کہاکہ شہید نوجوانوں کی نماز جناز ہ میں ہزاروں کشمیریوں کی شرکت یہ ثابت کرتی ہے کہ کشمیری عوام ایک عظم مقصد کے لیے اپنی جانیں دینے والے اپنے نوجوانوں کے ساتھ انتہائی عقیدت رکھتے ہیں اوربھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ان کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی مکروہ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس کو یہ غلط فہمی ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل اور جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا سکتاہے جو کسی صورت ممکن نہیں۔

امتیاز وانی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام پرڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں