Advertisements
246

کشمیر: نانا کی لاش پر بیٹھے روتے بلکتے بچے نے دنیا کو لرزا دیا۔

سوپور  ۔

سوپور میں بھارتی نیم فوجی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں جانبحق ہونے والے عام شہری کے تین سالہ نواسے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
ظہور حسین صحافی، سری نگر

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے شمالی ضلع بارہ مولہ کے ماڈل ٹاؤن سوپور میں بدھ کی صبح بھارتی نیم فوجی سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کے اہلکاروں اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ چلتا عام شہری جانبحق ہو گیا ، جبکہ ان کا تین سالہ نواسہ معجزاتی طور پر بچ گیا۔

دو طرفہ فائرنگ سے قبل عسکریت پسندوں کی طرف سے سی آر پی ایف کی ایک ناکہ پارٹی پر کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں سی آر پی ایف کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا جبکہ دیگر تین زخمی ہوگئے۔

بدھ کی صبح قریب ساڑھے آٹھ بجے سوپور میں عسکریت پسندوں کے سی آر پی ایف کی ایک ناکہ پارٹی پر اس حملے کی اطلاع ملتے ہی کشمیر پولیس کے اہلکار اور مقامی صحافی جائے وقوع پر پہنچے جہاں انہوں نے دل دہلانے والا منظر دیکھا۔

ایک مقامی صحافی نے بتایا: ‘ہم جب جائے وقوع پر پہنچے تو ہم نے ایک شخص کی خون میں لت پت لاش سڑک کے کنارے دیکھی اور ایک چھوٹے بچے کو اس کے سینے پر بیٹھے روتے بلکتے ہوئے دیکھا۔’

ان کا مزید کہنا تھا: ‘پولیس کے ایک اہلکار نے مذکورہ بچے، جس کے کپڑوں پر خون لگا ہوا تھا، کو اپنے سینے سے لگایا اور اس کو اپنی بانہوں میں اٹھا کر پولیس کی ایک چھوٹی گاڑی میں ڈال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔’

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں