Advertisements
مقبوضہ کشمیر: برہان وانی کی شہادت کی برسی پر آج مکمل ہڑتال ہے۔ 156

مقبوضہ کشمیر: برہان وانی کی شہادت کی برسی پر آج مکمل ہڑتال ہے۔

سرینگر جے کے نیوز ٹاکس ۔
 مقبوضہ کشمیر میں معروف نوجوان کشمیری رہنماءبرہان مظفر وانی اور ان کے دو ساتھیوں کے چوتھے یوم شہادت پر آج(بدھ) مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال ہے۔
 ہڑتال کی کال بزرگ حریت رہنماءسیدعلی گیلانی اور کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے ۔
بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو ان کے دو ساتھیوں سرتاج احمد اور پرویز احمد کے ہمراہ 8 جولائی 2016 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ماورائے عدالت قتل کردیاتھا۔
 سیدعلی گیلانی نے اپنے ایک ٹویٹ میں برہان وانی اور 13جولائی 1931کے شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لوگوںسے کہاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں شہداءکے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھروں میں جائیں ۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 13جولائی کو بھی مکمل ہڑتال کریں اور پورے مقبوضہ کشمیر میں مزار شہداءپر دعائیہ تقاریب کا انعقاد کر کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کریں۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آج ”یوم استقلال “ منا رہی ہے جسکا مقصد کشمیریوں کے اس عزم کو دہرانا ہے کہ وہ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد تمام تر مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا قابض انتظامیہ نے لوگوں کو بھارت مخالف مظاہروں سے روکنے کیلئے آج پورے مقبوضہ علاقے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں ۔

انتظامیہ نے پلوامہ ، اسلام آباد، شوپیاں، کولگام اور سوپور کے علاقوں میں 2جی انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے جبکہ پورے مقبوضہ کشمیر میں تیز رفتار 4جی انٹرنیٹ سروس گزشتہ برس پانچ اگست سے بند ہے جب نریندر مودی کی سربراہی میں قائم فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسکا فوجی محاصرہ کر لیا تھا۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں